پاکستان
Time 06 نومبر ، 2018

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک کی توسیع


اسلام آباد: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا 10 نومبر تک راہداری ریمانڈ منظور کرلیا.

واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں، 29 اکتوبر کو لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا، جس کے بعد انہیں اسلام آباد لایا گیا اور منسٹر انکلیو میں موجود ان کی رہائش گاہ کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔ بعدازاں 31 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک کی توسیع کردی تھی۔

نیب نے آج شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ کے خاتمے پر انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا۔

دوران سماعت نیب کی جانب سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کی استدعا کی گئی۔

تاہم شہباز شریف نے اعتراض کیا کہ 'جب قومی اسمبلی کا سیشن 9 نومبر کو ختم ہو جائے گا تو یہ 12 نومبر تک کیوں راہداری ریمانڈ مانگ رہے ہیں؟'

اپوزیشن لیڈر نے عدالت سے کہا کہ 'نیب کو کہیں کہ 10 نومبر کو انہیں متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کریں'۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ 'میں عدالت کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں کہ سیشن کے بعد بھی مجھ سے تفتیش جاری رہی، تفتیشی افسر اس وقت بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں، اُن سے پوچھیں کہ میں صحیح کہہ رہا ہوں یا غلط'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'تفتیش کو ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا، مگر آدھے دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی'۔

جس پر احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ 'یہ بات آپ لاہور کی متعلقہ احتساب عدالت کو بتائیے گا'۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک کی توسیع کردی۔

شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے ساتھ والی احتساب عدالت بھی گئے، جو نیب ریفرنسز کے سلسلے میں وہاں موجود تھے۔

دوسری جانب شہباز شریف نے لیگی رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔

اس موقع پر کمرہ عدالت میں موجود دیگر لیگی رہنما بھی دعا میں شریک ہوئے۔

مزید خبریں :