بار بار کہہ چکا مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں: چوہدری نثار

 مہنگائی کا اکتوبر میں پوچھوں گا، اس قدر مہنگائی آئے گی کہ قوم چیخ آٹھے گی: چوہدری نثار۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بار بار کہہ چکا ہوں کہ میں ن لیگ کا حصہ نہیں ہوں۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ میں نے مسلم ن لیگ میں ایک طویل وقت گزارا ہے، میں عزت کی خاطر سیاست کرتا ہوں اقتدار کے لیے نہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ن لیگ کے دروازے کھلے رہنے سے متعلق سوال چوہدری نثار نے کہا کہ میں شاہد خاقان عباسی کا مشکور اور میرا ان کے خاندان کے ساتھ ایک تعلق رہا ہے لیکن بار بار کہہ چکا ہوں کہ میں ن لیگ کا حصہ نہیں ہوں۔

پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھانے سے متعلق چوہدری نثار نے کہا کہ کیسے صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لوں، اگر میں نے پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھایا تو یہ منافقت ہو گی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کل پاکستان میں سیاست مصر کی منڈی کا منظر پیش کر رہی ہے، معیشت سمیت دیگر حوالوں سے پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ہر ایک کو چور اور ڈاکو کہنے سے کام نہیں چلتا، قوم کو اعتماد میں لے کر جنگیں لڑی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا اکتوبر میں پوچھوں گا، اس قدر مہنگائی آئے گی کہ قوم چیخ آٹھے گی۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی کمر توڑ دے گا، پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پڑوسی ملک میں انتہا پسندی عروج پر ہے۔

مزید خبریں :