کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2019

جیو پول: سرفراز کو ہٹانے کا فیصلہ درست یا غلط؟ عوامی رائے سامنے آگئی

سرفراز احمد کو گزشتہ روز  ٹیم کی قیادت سے ہٹایا گیا تھا— فوٹو: فائل 

جیو نیوز کے پول میں عوام کی واضح اکثریت نے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔

گزشتہ روز وکٹ کیپر بیسٹمین سرفراز احمد کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹاکر اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ سرفراز احمد کو  قومی اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے ٹیم میں واپس جگہ بنائیں۔ 

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے اور ٹیم سے باہر نکالنے کے فیصلے پر عوام میں ملا جلا ردعمل ہے تاہم جیو نیوز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہونے والے پول میں عوام کی اکثریت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

پول میں سوال پوچھا گیا تھا کہ ’سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے فیصلے کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟ ‘ اس کے جواب میں 2 آپشن دیئے گئے تھے جن میں ایک درست فیصلہ اور دوسرا غلط فیصلہ تھا۔


اس پول میں 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 71 افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا جن میں سے 72 فیصد افراد نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے کو درست قرار دیا جبکہ 28 فیصد نے فیصلے کو غلط کہا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کا اعلان یہ کہہ کر نہیں کیا گیا کہ ون ڈے سیریز اگلے برس جولائی میں نیدر لینڈز کے خلاف شیڈول ہے اس لیے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا تاہم ایک روزہ کرکٹ کی بھی کپتانی بابر اعظم کو دیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :