کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2019

ٹیم سے نکالے جانے کے باوجود سرفراز کا معاوضہ کم نہیں ہوگا


سرفراز احمد کو کپتانی سے تو ہٹا دیا گیا لیکن اُن کو ملنے والے معاوضے میں فی الحال کوئی کمی نہیں ہوگی۔

کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود سرفراز احمد کی کیٹیگری تبدیل نہیں ہوگی اور وہ بابر اعظم اور یاسر شاہ کے ساتھ اے کیٹیگری میں شامل ہیں اور اُس میں برقرار رہیں گے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ سرفراز کی کیٹیگری تبدیل کرنے کا کوئی معاملہ زیر بحث نہیں ہے کیوں کہ وہ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور تینوں فارمیٹ میں سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وہاب ریاض کی کیٹیگری صرف مختصر دورانیے کی کرکٹ کھیلنے کے اعلان پر تبدیل ہوئی، وہاب ریاض کو بی سے سی کیٹیگری میں منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وکٹ کیپر بیسٹمین سرفراز احمد کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹاکر اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کا اعلان یہ کہہ کر نہیں کیا گیا کہ ون ڈے سیریز اگلے برس جولائی میں نیدر لینڈز کے خلاف شیڈول ہے، اس لیے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا تاہم ایک روزہ کرکٹ کی بھی کپتانی بابر اعظم کو دیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :