Time 29 اکتوبر ، 2019
کھیل

ٹاپ پاکستانی پلیئر ماحور شہزاد کی بیڈمنٹن کورٹ میں واپسی


ٹخنے کی انجری کی وجہ سے الجزائر اوپن سے باہر ہونے والی پاکستان کی صف اول کی بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد ایک بار پھر کورٹ میں واپس آگئیں اور آ ئندہ ماہ ہونے والے تین انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی تیاریاں شروع کردیں۔

ماحور شہزاد ڈنمارک میں ٹریننگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئی تھیں جس کی وجہ سےانہیں گزشتہ ہفتے الجزائر اوپن سے بھی دستبردار ہونا پڑا  ،تاہم انجری سے بہتری کے بعد اب ایک بار پھر وہ کورٹ میں واپس آگئی ہیں اور کراچی میں ٹریننگ شروع کردی ہے۔

ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ انہیں اگلے ماہ پاکستان انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے بعد نومبر میں بوٹسوانا اور زمیبیا میں بھی ٹورنامنٹ کھیلنے ہیں۔ 

ماحور کی خواہش ہے کہ وہ اولمپکس میں ملک کا نام روشن کریں اور اس کیلئے وہ بھرپور انداز میں محنت بھی کررہی ہیں ،فوٹو:فائل

انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں ساؤتھ ایشین گیمز کے بعد ترکی میں ایک ٹورنامنٹ کھیلنا ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ ان ٹورنامنٹس میں اپنی رینکنگ بہتر کریں۔

ایک سوال پر ماحور شہزاد نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اولمپکس میں ملک کا نام روشن کریں اور اس کیلئے وہ بھرپور انداز میں محنت بھی کررہی ہیں۔ 

 اپنی انجری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی مکمل فٹ نہیں ہوئیں اور کورٹ میں زیادہ پھرتی دکھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم وہ پر امید ہیں کہ جلد مکمل فٹ ہوجائیں گی۔

مزید خبریں :