کھیل
Time 21 نومبر ، 2019

’آسٹریلوی کپتان ٹِم پین، رضوان کو تنگ کرنے کیلئے سرفراز کی یاد دلاتے رہے‘

تین سال بعد کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان بد قسمت رہے اور انہیں امپائر نے نو بال پر آؤٹ قرار دے دیا جب کہ بیٹنگ کے دوران  آسٹریلوی کپتان ٹِم پین بھی محمد رضوان کو تنگ کرنے کے لیے انہیں سرفراز کے شاٹس یاد دلاتے رہے۔

برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز میں  پاکستانی  ٹیم آسٹریلیا کے خلاف مشکلات سے دوچار تھی کہ محمد رضوان نے اسدشفیق کے ساتھ رنز بنانا شروع کیے، 37 کے انفرادی اسکور پر ٹم پین نے پیٹ کمنز کی گیند پر رضوان کا کیچ لیا لیکن یہ نو بال تھی۔

 امپائر نے کئی بار ری پلے دیکھا پھر بھی غلط آؤٹ دے دیا، امپائر کے فیصلے پر کمنٹیٹر ، کھلاڑی اور تماشائی سب حیران تھے اور غلط فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر  تنقید کی جارہی ہے۔

بیٹنگ کے دوران آسٹریلوی کپتان اور وکٹ کیپر ٹِم پین بھی محمد رضوان کو تنگ کرنے کے لیے ان سے باتیں کرتے رہے اور انہیں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمدکے شاٹس یاد دلاتے رہے۔

اس دوران آسٹریلوی ٹیم کے کپتان کی جملے بازی کو اسٹمپ پر لگے مائیکروفون نے ریکارڈ کرلیا، جس میں واضح طور پر سنا جاسکتا ہے کہ  اسپنر  نیتھن لیون کی بولنگ کے دوران  ٹِم پین بظاہر قریب کھڑے مارنس لبوشین سے کہ  رہے ہیں کہ 'اگر سرفراز ہوتا تو اس بال پر سوئپ شاٹ کھیل کر چوکا مارچکا ہوتا'۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آل آؤٹ ہو گئی ہے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 3 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور انہیں سابق کپتان سرفراز احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :