28 نومبر ، 2019
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اوپننگ کھلاڑی عائشہ ظفر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ سے سیریز اتنی ہی مشکل ہوگی جتنا مشکل اس کو تصور کیا جائے گا، وہ خود کو سیریز کے مشکل ہونے کے ذہنی دباؤ میں نہیں رکھیں گی، خواہش ہے کہ سیریز میں پاکستان کی جانب سے ٹاپ پرفارمر بنیں۔
کراچی میں جیو سے گفتگو میں پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی رکن عائشہ ظفر نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز ایک چیلنج ضرور ہے اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویمن ٹیم نے سیریز کی تیاری انگلینڈ کی اسٹرینتھ کو مد نظر رکھ کر کی ہے۔ کیمپ میں کافی محنت کی گئی ہے۔ خاص طور پر انگلینڈ کے بولنگ اٹیک کا سامنا کرنے کیلئے خوب تیاری کی گئی ہے۔
ایک سوال پر 25 سالہ عائشہ ظفر نے کہاکہ اس دور میں مگ لیننگ ان کی آئیڈیل ہیں اور وہ ان جیسا بننا چاہتی ہیں۔
عائشہ ظفر نے بتایا کہ ان کی دو بہنیں، مدینہ ظفر اور فائزہ ظفر پاکستان کیلئے اسکواش کھیلتی ہیں، اسپورٹس ان کے خون میں ہے اور فیملی نے ان کی بہت سپورٹ کی ، وقت آگیا ہے کہ والدین اپنی بیٹیوں کو بھی اسپورٹس میں شرکت کیلئے حوصلہ افزائی کریں۔
عائشہ کا کہنا تھا کہ اب ویمن کرکٹ میں بھی رول ماڈلز موجود ہیں۔ نئی لڑکیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ ثناء میر، جویریہ خان یا بسمہ معروف سے متاثر ہوں اور ان جیسا بننے کی کوشش کریں۔
قومی ٹیم کی پلیئر کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ایج گروپ کرکٹ ہونے سے پلیئرز تیار کرنے میں مدد ملتی ہے، انہوں نے بھی ایج گروپ کرکٹ کھیلی تھی جس کی وجہ سے آج انہیں ہر طرح کی صورتحال کا اندازہ رہتا ہے۔