17 دسمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ نے آسٹریلیا میں زیادہ رنز دینے کی وجہ بتادی، کہتے ہیں انہوں نے زیادہ رنز اس لیے دیے کیوں کہ انہوں نے زیاد ہ بولنگ کی۔
33 سالہ یاسر شاہ نے حال ہی میں آسٹریلیا میں برسبین ٹیسٹ میں 205 اور197 رنز دیے تھے۔
کراچی میں پاکستان ٹیم کے اوپن میڈیا سیشن میں جب ان سے سوال ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زیادہ رنز اس لیے دیے کہ انہوں نے زیادہ اوورز کرائے۔
یاسر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ویسے بھی اسپنرز کے مقابلے میں فاسٹ بولرز کو زیادہ سپورٹ کرتی ہیں اور جب کنڈیشنز سپورٹ نہ کریں تو رنز زیادہ نکلتے ہیں۔
ایک سوال پر یاسر شاہ نے کہا کہ وہ وکٹیں نہ لینے کی وجہ سے پریشان نہیں کیوں کہ یہ کھیل کا حصہ ہے، کبھی کوئی پلیئر ایک دن میں دس وکٹیں نکال لیتا ہے اور کبھی اس کو ایک وکٹ بھی نہیں ملتی، اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں، وہ محنت کررہے ہیں اور جلد ویسی ہی پرفارمنس دیں گے جیسی پرفارمنس وہ ماضی میں دیتے آئے ہیں۔
یاسر شاہ نے گزشتہ چار ٹیسٹ میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ ان کی خراب فارم پاکستان ٹیم منیجمنٹ کیلئے بھی تشویش کا سبب ہے اس لیے راولپنڈی ٹیسٹ میں انہیں اسکواڈ سے ریلیز کرکے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیج دیا گیا جہاں انہوں نے مشتاق احمد کی نگرانی میں کام کیا۔
پاکستانی ٹیسٹ اسپنر نے کہا کہ مشتاق احمد کے ساتھ اکیڈمی میں وقت گزارنے کے بعد ان کا اعتماد بحال ہوا ہے کیوں کہ پی سی بی کے اسپن کنسلٹنٹ نے ان کی کافی حوصلہ افزائی کی۔
یاسر شاہ نے کہا کہ انہوں نے اکیڈمی میں ایک دن میں 25 سے 30 اوورز کرائے، مشتاق احمد نے ان کی بولنگ ایکشن اور گوگلی پر کام کیا۔
ایک سوال پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے اور اگر موقع ملا تو ہوم گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔