23 اگست ، 2012
پشاور … پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیئے جانے والے خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع کی 152 یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم 27 اگست سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ 2سال کے عرصے میں پولیو مہم میں حصہ لینے والے کئی اہلکار ٹریفک حادثات کا بھی شکار ہوئے۔ ہائی رسک قرار دینے جانے والے اضلاع پشاور، چارسدہ، مردان اور لکی مروت میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم 27 اگست سے شروع کی جائے گی، جس میں 152 یونین کونسلز میں 19 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ دوسری جانب انسداد پولیو ڈائریکٹوریٹ خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق سال 2011ء اور 2012ء میں پولیو مہم کے دوران 12 اضلاع میں 2 خواتین جاں بحق اور 50 اہلکار زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 28 خواتین بھی شامل ہیں، جاں بحق خواتین کا تعلق نوشہرہ اور پشاور سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اہلکار ٹریفک حادثات میں زخمی ہوئے تاہم بعض اضلاع میں پولیو ٹیموں کو مقامی رہائشیوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا جس کے نتیجے میں 10 مرد و خواتین اہلکار زخمی ہوئے۔