اداکاری کو خیرباد کہنے والی سابق بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر دنیا سے سوال کیا کہ کشمیری جس درد اور ظلم سے گزر رہے ہیں اسے آپ نے کیسے تسلیم کر لیا؟
مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم نے طویل عرصے بعد فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بیان کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا۔
فلم ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ سے مقبول ہونے والی زائرہ وسیم لکھتی ہیں کہ کشمیر مسلسل تکالیف سے گزر رہا ہے، وادی امیدوں اور مایوسیوں کے درمیان جھول رہی ہے جہاں دکھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم کشمیری ایک ایسی دنیا میں تکالیف جھیل رہے ہیں جہاں ہماری آزادی پر قدغن لگانا بے حد آسان ہے، آخر ہم کشمیریوں کو ایسی دنیا میں کیوں رہنا پڑ رہا ہے جہاں ہماری زندگی اور خواہشات کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
زائرہ وسیم نے لکھا کہ ہمیں مسلسل احکامات دیئے جاتے ہیں اور جھکنے پر مجبور کیا جاتا ہے، کیوں ہم کشمیریوں کی ذاتی آزادی پر پابندیاں لگانا اتنا آسان ہے؟
بوجھل دل کے ساتھ زائرہ وسیم نے لکھا کہ کشمیریوں کی زندگی صرف بحران، پابندیوں، رکاوٹوں تک ہی کیوں سمٹ گئی ہم کشمیریوں کے دل و دماغ سے چین کیوں چھین لیا گیا ہے؟
زائرہ وسیم نے مزید لکھا کہ ایسا کیوں ہے کہ ہمارے نظریے کے پیچھے جو وجہ ہے اسے جاننے کے بجائے ہمارے نظریے کو ہی بری طرح مسترد کر دیا جاتا ہے اور اس پر تنقید بھی کی جاتی ہے، ہماری آواز کو اس قدر دبا دینا اتنا آسان کیوں ہے؟
علاوہ ازیں اداکارہ نے لکھا کہ دنیا سے پوچھتی ہوں کہ کشمیری جس درد اور ظلم سے گزر رہے ہیں اسے آپ نے آخر کیسے تسلیم کر لیا؟