Time 14 فروری ، 2020
کھیل

’پاکستان سپر لیگ میں جو بھی ٹیم جیتے، اصل جیت تو پاکستان کی ہی ہوگی‘

سب ہی کو 20 فروری کا انتظار ہے جب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان معرکے کے ساتھ پی ایس ایل کا آغاز ہوگا— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن شروع ہونے میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، سب ہی کو 20 فروری کا انتظار ہے جب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان معرکے کے ساتھ پی ایس ایل کا آغاز ہوگا۔

ریسلر انعام بٹ، ہاکی اولمپئن سلمان اکبر، کراٹیکاز سعدی عباس، کلثوم ہزارہ اور چیمپئن باکسر عامر خان سمیت دیگر ایتھلیٹس بھی پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

دیگر کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ان ایتھلیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں جو بھی ٹیم جیتے، اصل جیت تو پاکستان کی ہی ہوگی۔

ریسلنگ کے اکھاڑے میں پاکستان کیلئے متعدد میڈلز جیتنے والے انعام بٹ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے سارے میچز کا پاکستان میں انعقاد ملک میں اسپورٹس کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔

انعام بٹ نے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی کرکٹ سے لگاؤ رکھتا ہے اور پی یس ایل ایسا ایونٹ ہے جس کا پوری قوم کو انتظار ہوتا ہے اور دیگر کھیلوں کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹس بھی پی ایس ایل کے بارے میں پرجوش ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ اس بار سارے میچز پاکستان میں ہورہے ہیں۔

ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ہاکی اولمپئن سلمان اکبر کہتے ہیں کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے سارے میچز کا انعقاد دنیا کو ایک مثبت پیغام دینے کا سنہری موقع ہے کہ پاکستانی اسپورٹس سے محبت کرنے والی قوم ہے۔

سلمان اکبر نے کہا کہ وہ لیگ کیلئے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ایونٹ میں کوئی ایک ٹیم ان کی فیوریٹ نہیں، تمام ٹیمیں پاکستان کی ہیں اور ہر ٹیم ہی ان کی فیوریٹ ٹیم ہے۔

باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی فیوریٹ ٹیم کراچی کنگز ہے کیوں کہ ان کے کھیل کا انداز انہیں پسند ہے تاہم وہ ہر ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں کیوں کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس بار پوری لیگ پاکستان میں ہورہی ہے۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کراٹیکا سعدی عباس نے کہا کہ وہ کراچی کے رہنے والے ہیں اس لیے کراچی کنگز کو سپورٹ کرتے ہیں لیکن جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی۔

کلثوم ہزارہ نے کہا کہ وہ پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں ، پی ایس ایل میں جو بھی ٹیم جیتے ، جیت پاکستان کی ہی ہونی ہے۔

فٹبالر کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ایسا ایونٹ ہے جو پوری قوم کو متحد کرتا ہے اور ہرکوئی اس ایونٹ میں دلچسپی لیتا ہے۔ اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرتے ہیں۔

بیڈمنٹن میں متعدد میڈلز جیتنے والی ماحور شہزاد نے کہا کہ وہ کراچی میں ہونیوالے میچز دیکھنے اسٹیڈیم ضرور جائیں گی، تاہم انہوں نے لاہور قلندرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس بار قلندرز اچھا پرفارم کریں گے۔

مزید خبریں :