Time 16 فروری ، 2020
کھیل

سرفراز احمد پی ایس ایل 5 میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے پرامید

 پی ایس ایل 5 میں ساری ٹیمیں بہت اچھی ہیں، ایونٹ میں سخت مقابلہ ہوگا،سرفراز احمد،فوٹو:فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم  اِس بار بھی جیت کر ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

خیال رہے کہ  پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز  احمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 5 میں  ساری ٹیمیں بہت اچھی ہیں، ایونٹ میں سخت مقابلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں  اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کریں گے، کوشش ہوگی کہ اچھا سے اچھا پرفارم کریں، توجہ اس وقت پی ایس ایل ہی ہے۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ نسیم شاہ کی رہیب جاری ہے، جوں ہی وہ مکمل فٹ ہوں گے، فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے سارے میچز  ملک میں ہونے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، امید ہے کوئٹہ میں بھی جلد لیگ کے میچز ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے پچھلا پی ایس ایل کراچی میں فتح کے ساتھ مکمل کیا تھا،  کوشش ہوگی کہ اس بار کراچی میں جیت کے ساتھ ہی سفر شروع کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  پی ایس ایل میں جس طرح کی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں، سیزن فائیو میں بھی ویسا ہی کھیلیں گے۔ 

مزید خبریں :