Time 01 مارچ ، 2020
پاکستان

کوئٹہ میں معذور سماجی کارکنوں نے شہریوں میں مفت فیس ماسک تقسیم کیے

ملک میں کورونا وائرس کے واقعات رپورٹ ہونے کے بعد جہاں ایک طرف منافع خوروں کی چاندی ہو گئی وہیں سول سوسائٹی کی جانب سے کوئٹہ میں آگاہی مہم کے تحت شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کیے گئے۔

 سول سوسائٹی کی جانب سے کوئٹہ میں آگاہی مہم شروع کی گئی اور شہریوں میں مفت ما سک تقسیم کیے گئے۔

اس حوالے سے سماجی کارکن بتول علی کا کہنا تھا کہ ہماری یہ آگاہی مہم ماسک کے لیے  ہے کیونکہ کسی بھی میڈیکل اسٹور پر  ماسک دستیا ب نہیں اور جہاں دستیاب ہیں وہاں کافی مہنگے داموں میں فروخت ہو رہے جس سے لوگوں کا کافی نقصان ہو رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکے ہیں۔

سماجی کارکن کرامت علی نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا ہے کہ آج کل جو کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے  اس سے بچاؤ کے لیے ہم اپنے گھروں میں یہ ماسک بنا کر بچوں اور تمام فیملی کو  دے سکتے ہیں۔

کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ان پولیو وائرس سے متاثرہ دونوں نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر عوام بھی داد دیئے بنا نہ رہ سکے اور ہر رکشہ والا، موٹر سائیکل سوار اور فیملی کے ہمراہ شہری ان کے پاس رُک کر ماسک حاصل کرتے رہے۔

ادھر حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے بھی ماسک کی تقسیم میں حصہ لیا اور حکومت کو ماسک کی قلت پر قابو پانے میں مکمل طور  پر ناکام ہونے پر آڑے بھی ہاتھوں لیا۔

کوئٹہ میں شہریوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ماسک کی مقررہ ریٹس پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز سے ماسک غائب ہو گئے تھے۔

چین سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق بھی ہوگئی ہے جس کے بعد اب ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :