Time 03 مارچ ، 2020
کھیل

مصباح الحق پی ایس ایل میں سابق کپتان سرفراز کی کارکردگی سے متاثر

سرفراز احمد نے بڑی ذمہ داری سے کھیل پیش کیا اور ان کی پرفارمنس اچھی ہے، وہ ورلڈ کپ کے لیے زیرغور ہیں: مصباح الحق— فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یونائیٹڈ کو آئندہ میچز میں اپنی خامیوں پر قابو پانا ہوگا  کیوں کہ گزشتہ میچز میں بولنگ اچھی نہیں ہوئی جسے  بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ ہمارے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے، میچ جیتنا بہت ضروری ہے، پچھلے میچز میں غلطیاں ہوئیں لیکن انہیں دور کرنا ہے اور خاص طور ٹیم نے بولنگ اچھی نہیں کی۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم ہمارے خلاف پچھلا میچ بھی اچھا کھیلی لیکن اس میچ میں ہمیں بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

مصباح الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں تو وہ پاکستان سپر لیگ میں نئے ٹیلنٹ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ عاکف جاوید نے اچھی بولنگ کی ہے، عامر خان نے بھی متاثر کیا ہے جبکہ عمر خان کو جتنا موقع ملا، اس نے اچھی بولنگ کی اور اعظم خان کی جانب سے بھی عمدہ اننگز دیکھنے کو ملیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان و کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کے بارے میں چیف سلیکٹر  نے کہا کہ وہ یقینی طور پر ورلڈ کپ کے لیے زیرغور ہیں، پی ایس ایل کے بعد دیکھیں گے کہ کس کو آگے لیکر چلنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اِس وقت سرفراز احمد نے بڑی ذمہ داری سے کھیل پیش کیا ہے اور پرفارمنس اچھی ہے، ساتھ ساتھ فٹنس کو بھی بہت بہتر بنایا ہے۔

شاداب خان کو بیٹنگ آرڈر میں اوپر کھیلانے سے متعلق مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ تھے تو اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کا موقع دیا، پاکستان کپ میں بھی اس نے عمدہ بیٹنگ کی، شاداب خان 3 اور 4 نمبر پر اچھا کھیل سکتا ہے، اس نے بھی خود کو ثابت کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد سرفرازاحمد کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سےفارغ کردیا تھا۔ 

اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا کپتان بنایا گیا۔ 

سرفراز احمد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا بھی کہنا تھا کہ سرفراز اچھےکھلاڑی ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئیں۔

مزید خبریں :