07 مئی ، 2020
سال 2020 کو شروع ہوئے چار ماہ ہی گزرے ہیں لیکن اس برس میں اب تک ہونے والے واقعات نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس میں کورونا، بدترین آتشزدگی، سانحات، حادثات اور ریاستی فیصلے شامل ہیں۔
2020 کو خوش آمدید کہنے والوں نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہ سال ان کے لیے کیا کیا امتحان لائے گا، ابھی چار ماہ ہی گزرے ہیں لیکن ٹائم لائن غیرمعمولی واقعات سے بھرگئی ہے۔
رواں برس کے آغاز پر 3 جنوری کو امریکا نے عراق میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قافلے پر میزائل حملہ کیا جس میں قاسم سلیمانی جانبر نہ ہوسکے۔
اس وقت امریکا ایران کشیدگی عروج پر تھی کہ ایران نے تہران کی فضاؤں میں یوکرین کا مسافر طیارہ مار گرایا جس میں 176 مسافر جان سے گئے۔
جنوری میں ہی آسٹریلیا کے جنگلوں میں بدترین آتشزدگی کروڑوں ایکڑ پر پھیلے نباتات اور حیاتیات کو راکھ کرگئی، اندازے کے مطابق اس سانحے میں تقریباً ایک ارب جانور صفہ ہستی سے مٹ گئے۔
پھر 26 جنوری کو لاس اینجلس کیلی فورنیا کے قریب ہیلی کاپٹر کریش میں مشہور باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ اپنی بیٹی اور 7 افراد کے ہمراہ چل بسے، ان کی موت نے دنیا بھر میں پھیلے ان کے مداحوں کو افسردہ کردیا۔
31 جنوری کو برطانیہ نے یورپی یونین سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرکے بریگزٹ کو حتمی انجام تک پہنچادیا۔
مشرقی افریقی ممالک سمیت متعدد خطوں میں ٹڈی دل کے بڑے حملے ہوئے، ان کا اثر پاکستان میں بھی دیکھا گیا۔
کورونا وائرس چین سے نکل کر دنیا بھر میں پھیل گیا، تاحال یہ وائرس ڈھائی لاکھ سے زائد جانیں نگل چکا ہے جب کہ وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 38 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
کووڈ 19 نے دنیائے عالم کے ممالک کو لاک ڈاون پر مجبور کردیا، سفری پابندیاں لگیں اور کار سرکار سے لے کر عام انسان کا کاروبار زندگی تک معطل ہوکر رہ گیا۔