10 مئی ، 2020
لاہور : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں میں پتنگ بازی کا شوق بے لگام ہوتا جا رہا ہے جب کہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق لاہور میں بند روڈ پر موٹر سائیکل سوار گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یوسف نامی شخص نارووال سے اپنے بیمار بھائی کی خبر لینے موٹر سائیکل پر سبزہ زار جا رہا تھا کہ اس دوران گلے پر قاتل ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔
خیال رہے کہ لاہور میں پچھلے 4 ماہ کے دوران پتنگ بازی کے اس قاتل شوق سے 5 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
پولیس کے مطابق قاتل ڈور سے جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک ڈولفن اہلکار بھی شامل تھا جو ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔