02 جولائی ، 2020
وزیراعظم نے شہزاد سید قاسم کو معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن مقررکردیا، انہیں معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔
شہزادسید قاسم معاون خصوصی کوآرڈینیشن آف مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپمنٹ آف نیچرل ریسورسز بھی ہیں اور اب وہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔
کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد شہزاد قاسم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
شہزاد قاسم کو دو روز قبل پیٹرولیم بحران کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔ کمیٹی جون کے مہینے میں ملک میں پیٹرول کی قلت کے معاملے کی انکوائری کرے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا تھا جس پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث کمپنیوں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔