18 جولائی ، 2020
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طبی ماہرین سے کہا ہے کہ امریکیوں کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ماسک پہننے کا حکم نہ دیں۔
امریکی نیوز چینل فوکس کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکا میں عوام کے لیے ماسک کو لازمی پہننے کے حکم کے خلاف ہیں کیونکہ لوگوں کے لیے کچھ تو آزادی ہونی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کچھ روز قبل یہ کہا ہے کہ ریاست اور مقامی حکمرانوں کو عوام کو زبردستی ماسک پہننے کا حکم دینا چاہیے۔
ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ماسک کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے انتہائی اہم ہے اس لیے ہم سب کو استعمال کرنا چاہیے۔
تاہم اس صورتحال میں امریکی عوام کا ماسک پہننا سیاسی شکل اختیار کرچکا ہے۔
جب کہ کچھ مقامی حکام نے تو شہریوں پر ماسک پہننا ذاتی انتخاب کے بجائے لازمی شرط قرار دے دی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خود ماسک پہننے سے انکار کر چکے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اسکارف پہننے کا مشورہ بھی دے چکے ہیں۔
لیکن چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ماسک پہن کر عوام کے سامنے آئے تھے جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔