دنیا
Time 01 نومبر ، 2020

امریکی صدارتی انتخاب کی ریلی کے دوران ٹرمپ کے حامی اور مخالفین لڑ پڑے

امریکی انتخابات صرف دودن کی دوری پر ہیں اور سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے بھی دیکھے جارہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  امریکی  ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیورلی ہلز میں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ایک بڑی ریلی نکالی جارہی تھی کہ اس دوران ان کا سامنا ایک سیاہ فاموں کے حقوق کی ریلی سے ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے گئے اور دونوں طرف کے مظاہرین مشتعل ہو کر لڑپڑے، مظاہرین نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے موقع پر پہنچ کرشرکاءکو منتشر ہونے کو کہا جس پر سیاہ فام حقوق کے کارکن منتشر ہوگئے تاہم ٹرمپ کے حامیوں نے ریلی جاری رکھی اور وہ اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔

دوسری جانب نارتھ کیرولینا میں بھی سیاہ فاموں سے امتیازی سلوک کے خلاف نکالی جانے والی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور اور شرکا پر مرچوں کا اسپرے کیا، ہنگامہ آرائی کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی کے منتظمین کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی اور پولیس کے احکامات کو نظر انداز کیا گیا جس پر کارروائی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں 3 نومبر کو 59 واں صدارتی انتخاب ہورہا ہے اور اب تک 9 کروڑ سے زائد امریکی اپنا ووٹ  قبل از انتخاب ووٹنگ کا اختیار استعمال کرتے ہوئے کاسٹ بھی کرچکے ہیں۔

3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ عوامی جائزہ پولز میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن سے پیچھے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہیں اور وہ متعدد مرتبہ  ہارنے کے خوف سے انتخابات میں دھاندلی ہونے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوانیا میں حالیہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران طنز کرتے ہوئےکہا ہےکہ نتائج کے لیے تاریخ بڑھا دیں تاکہ اور لوگ ووٹ ڈال لیں۔

مزید خبریں :