07 دسمبر ، 2020
لاہور: گرین ٹاؤن میں 2 اوباش لڑکوں نے 7 سالہ بچے کو مبینہ طورپرزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا کاٹ کر قتل کر دیا جب کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
جیونیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں 7 سالہ بچے احسان کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، مقتول کی گلا کٹی لاش ایک خالی مکان کے باہر سے ملی۔
مقامی نوعمر لڑکے فراز نے مقتول کے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ احسان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ہے، پولیس نےٹریفک حادثے کی اطلاع دینے والے لڑکے کو حراست میں لےکرپوچھ گچھ شروع کی تو دوران انویسٹی گیشن فراز نے پولیس کے سامنے سب سچ اگل دیا۔
زیر حراست ملزم فراز نے پولیس کو بتایاکہ اس نے دوست اللہ رکھا کے ساتھ مل کر مقتول احسان کو ایک خالی مکان میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر پکڑے جانے کے خوف سے بچے کوقتل کردیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی اور ڈی ایس پی سعید احمد نے دعویٰ کیا ہےکہ مفرور ملزم بھی جلد پکڑا جائےگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی انعام غنی نے واقعے کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہورسےرپورٹ طلب کرلی ہے۔