03 فروری ، 2021
سعودی عرب کے مسافروں کی آمد پر پابندی کے فیصلے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا بھی مؤقف سامنے آگیا۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے مسافروں کی آمد پر3 فروری رات 9 بجے سے دوبارہ پابندی عائد کردی ہے اور یہ پابندی کورونا وائرس کی نئی لہر کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پابندی کے باعث کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکے گا تاہم پابندی کے اطلاق سے قبل سیالکوٹ تا دمام، ملتان تا مدینہ پروازیں معمول کے مطابق چلیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پابندی کےاطلاق سے قبل اسلام آباد تا ریاض پروازمعمول کے مطابق جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والےمسافروں کو واپس لانےکیلئے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان اور برطانیہ سمیت 20 ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی شہری، سفارتکار، طبی عملہ اور ان کے اہل خانہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔