Time 23 اکتوبر ، 2021
کھیل

ٹی 20 کا سب سے بڑا مقابلہ، ”جیو نیوز“ پر پاک بھارت ٹاکرا

ٹی 20 کا سب سے بڑا مقابلہ، ”جیو نیوز“ پر پاک بھارت ٹاکرا

کراچی: دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ”آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ“ کے مقابلے اپنے جوبن پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ 

ورلڈ کپ کا تاج سجانے کیلئے تمام ٹیمیں بھی صف آراء ہیں اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار 24 اکتوبر کو کرکٹ کی دُنیا کا سب سے بڑا، کانٹے دار اور دھواں دھار مقابلہ ہوگا جس کا جنون اب ہر طرف سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ 

اسی جنون کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ”جیو نیوز“ نے پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے ٹیلی ویژن کی تاریخ کا ایک اور سب سے ”بڑا ٹاکرا“ کرانے کا اہتمام کیا ہے جس میں ”جیونیوز“ پاکستان اور ”آج تک“ انڈیا ہفتے کی شب 8بجکر 5منٹ پر مشترکہ نشریات پیش کریں گے۔ 

دوسرا ٹاکرا

کرکٹ کی ایک اور دھواں دھار ٹرانسمیشن ”جیونیوز“ پاکستان اور ”انڈیا ٹی وی ٹائمز“ کے مابین رات 8 بجکر پانچ منٹ پر ہوگی۔ 

پاک بھارت کے کرکٹ کے سب سے بڑے پینل میں پاکستان کی جانب سے انضمام الحق، مشتاق احمد، سکندر بخت، توصیف احمد اور سہیل تنویر جبکہ بھارت کی جانب سے سنیل گواسکر، ہربجن سنگھ، آر پی سنگھ، مدن لعل، سریش رائنا اور منیندر سنگھ نمائندگی کریں گے۔ 

پاکستان کی جانب سے پروگرام کی میزبانی شہزاد اقبال اور دانش انیس جبکہ بھارت کی جانب سے وکرنت گپتا اور سیمپ راج گرو کریں گے۔ 

اس کے علاوہ تمام دِن پاک بھارت مقابلے کیلئے ”جیونیوز“ پر کرکٹ کی سب سے بڑی نشریات بھی پیش کی جائیں گی۔ کرکٹ ماہرین کی سب سے بڑی ٹیم اِس مقابلے کی لمحہ بہ لمحہ اَپ ڈیٹس اور رپورٹس ناظرین تک پہنچائے گی۔ اس کے علاوہ عوامی دلچسپی کے خصوصی نیوز پیکیجز بھی دکھائے جائیں گے۔

مزید خبریں :