کھیل
Time 11 نومبر ، 2021

’پاکستان کی جیت کو پسند کروں گی‘، شنیرا گرین شرٹس کی فتح کی خواہش مند

ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ آپ سیمی فائنل میں اپنے ملک آسٹریلیا کی حمایت کریں گی—فوٹو: شنیرا انسٹاگرام/آئی سی سی
ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ آپ سیمی فائنل میں اپنے ملک آسٹریلیا کی حمایت کریں گی—فوٹو: شنیرا انسٹاگرام/آئی سی سی

سابق پاکستانی کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بلآخر بتادیا کہ آج ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں ہونے والے آسٹریلیا اور پاکستان کے مقابلے میں وہ کس کا ساتھ دیں گی۔

شنیرا اکرم نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ وہ آج کے اس اہم میچ میں پاکستان کے ساتھ ہوں گی۔

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے لکھا کہ میرا جواب ہے کہ میں سیمی فائنل میں پاکستان کی جیت کو پسند کروں گی کیونکہ مجھے اس سے زیادہ خوشی نہیں ہوسکتی کہ میں کرکٹ کے جنونی ملک کو جیتتا ہوا دیکھوں۔

شنیرا نے مزید کہا کہ پاکستان کا خواب پورا ہوگا، ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹرافی ہاتھوں میں اٹھائے گی لیکن اگر آسٹریلیا جیتتا ہے مجھے تب بھی خوشی ہی ہوگی۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل شنیرا سے ٹوئٹر پر ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ آپ سیمی فائنل میں اپنے ملک آسٹریلیا کی حمایت کریں گی یا اپنے شوہر کے ملک پاکستان کی؟ اس پر شنیرا نے صارفین سے سوال کیا تھا کہ آپ بتائیں میں کسے سپورٹ کروں گی۔

مزید خبریں :