Time 03 دسمبر ، 2021
پاکستان

لاہور ہائیکورٹ نے7 دسمبر سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ ممنوع قرار دے دیا

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ سے متعلق کیس میں عبوری حکم جاری کیا۔  —فوٹو: فائل
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ سے متعلق کیس میں عبوری حکم جاری کیا۔  —فوٹو: فائل 

لاہور ہائی کورٹ نے موٹر وے کے لاہور انٹری پوائنٹ پر خراب ائیر کوالٹی کی وجہ سے 7 دسمبر سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ سے متعلق کیس میں عبوری حکم جاری کیا۔ 

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے سے بہترین نتائج سامنے آئے ، اب بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔ 

اس کے علاوہ عدالت نے موٹر وے کے لاہور انٹری پوائنٹ پر خراب ائیر کوالٹی پر7 دسمبر سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔

عدالت نے ایم ٹیگ کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ بوتھ بنانے کی ہدایت بھی کی جبکہ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیاں اسموگ پیدا کرنے کا سب سے بڑا سبب ہیں اس لیے قومی شاہراہوں پر ایم ٹیگ لازمی قرار دینے کی تشہیر بھی کی جائے۔ 

اس کے علاوہ عدالت نے شہر میں موجود تجاوزات فوری ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اینٹی انکرو چمنٹ اسکواڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ 

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ لارڈ میئر لاہور تجاوزات کے خاتمے کے لیے دیر پا اقدامات کو یقینی بنائیں۔ 

جسٹس شاہد کریم نے شہر میں تجاوزات کیسز کی سماعت کے لیے فل ٹائم مجسٹریٹ مقرر کرنے کا حکم دیا۔ 

اس کے علاوہ عدالت نے کہا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے ٹریفک جام اسموگ کا سبب بنتی ہے ،ڈی جی ایل ڈی اے سڑکوں کی مرمت کے لیے فنڈز فراہمی یقینی بنائیں۔ 

کیس کی آئندہ سماعت 7 دسمبر کو ہوگی۔ 

مزید خبریں :