25 دسمبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ نوازشریف علاج کے بہانے ملک سے فرارہوئے، ان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کریں گے، نوازشریف واپس آکر اپنی سزا پوری کریں۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ نوازشریف اب بے دخل ہو کر پاکستان پہنچیں گے تو سیدھا جیل جائیں گے۔
چشتیاں میں ورکرز کنونشن سےخطاب میں شہباز گل نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر باہر جانےدیا، ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف یہاں آکر اپنی قید پوری کریں، نواز شریف کبھی زندگی میں واپس نہیں آسکتے، نواز شریف ایک ہی صورت میں واپس آئیں گے جب برطانیہ سے انہیں نکال دیا جائےگا۔
شہباز گل نے بتایا کہ عمران خان گردن کٹوا دیں گے لیکن انہیں این آر او نہیں دیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چوہدری بولے کہ جو وطن واپسی کیلئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں بونے ہی رہیں گے،ن لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لیے کھڑے ہیں، کوئی بوٹ آگے نہیں کررہا، آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں۔