سر میں کیل ٹھوکنےکا معاملہ، خاتون کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنےکے معاملےکی متاثرہ خاتون باز گلہ کی میڈیکل رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی۔ 

 متاثرہ خاتون بازگلہ کاپشاورکے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ماہر نفسیات سےمعائنہ کرایا گیا ہے۔

ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق خاتون کو ڈپریشن کی بیماری ہے اور انہیں زندگی میں عدم دلچسپی کی کیفیت کا سامنا ہے، بازگلہ کو لو موڈ اور  توانائی اور نیندکی کمی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

بازگلہ تین سال سے رات کو انزائٹی کی ادویات لے رہی ہے، اسپتال کے ڈاکٹرز نے خاتون کی کونسلنگ اور سائیکو تھراپی کی اور انہیں ڈپریشن کی ادویات بھی تجویز کیں۔

 رپورٹ میں لکھا گیا ہےکہ متاثرہ خاتون کے والد کی حال ہی میں دل کے مرض کی وجہ سے موت واقع ہوئی تھی۔ 

بازگلہ نے ماہر نفسیات کو بتایا کہ کیل ٹھوکنے کا واقعہ جنات کا تھا، دوسری جانب پولیس کے مطابق واقعےکی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں، بازگلہ کو علاج کے لیے 4 فروری کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا۔

واضح رہےکہ پشاور میں خاتون کے سرمیں کیل ٹھوکنے کا واقعہ 8 فروری کوسامنے آیا تھا، خاتون کا لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آپریشن کرکے کیل کو نکالا گیا تھا۔

اس واقعے میں پہلے یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ اولاد نرینہ کی خواہش پر عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھوک دی گئی تھی لیکن بعد میں خاتون نے کہا کہ گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی، مجھے جنات کے اثرات کی شکایت ہے، کمرے کے سامنےگری تو میرے سر میں کیل لگی اور زخمی ہوگئی۔

بعد ازاں متاثرہ خاتون کے شوہر نے دعویٰ کیا تھاکہ جنات نے میری اہلیہ کے سر میں کیل ٹھوکی ہے تاہم خاتون نے بیٹے کی خواہش اور جعلی عامل سے متعلق دونوں باتوں کو مسترد کردیا تھا۔

مزید خبریں :