08 مارچ ، 2022
دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن کی گزشتہ ہفتے اچانک موت کے بعد ان کے اہل خانہ کا بیان سامنے آگیا۔
شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں، 194 ایک روزہ میچز میں 293 اور 73 ٹی ٹوئنٹی میں 70 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شین وارن کی موت کو چند روز گزرجانے کے بعد اب ان کے اہل خانہ بشمول والدین ،بھائی ، تین بچوں اور ان کی سابقہ اہلیہ نے خاموشی توڑتے ہوئے پہلا بیان جاری کیا ہے۔
آسٹریلوی لیجنڈ کی موت پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شین وارن کے والدین نے لکھا کہ 4 مارچ 2022 کی رات کو ہمارے لیے کبھی نہ ختم ہونے والا ایک ڈراؤنا خواب شروع ہوا ہے، یہ وہ تاریخ ہے جس دن ایک بیٹا اپنے والدین، باپ اپنے بچوں اور بھائی اپنے بھائی سے بچھڑ گیا، ایک ایسا المیہ جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ تلاش کرنا ہمارے لیے ایک ناممکن اور شین کے بغیر مستقبل کی طرف دیکھنا ناقابل تصور ہے، امید ہے کہ ہمارے پاس موجود شین کی یادیں غم سے نمٹنے میں ہماری مدد کریں گی۔
شین وارن کے بھائی جیکسن نے لکھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ کوئی بھی چیز ان کی زندگی میں اب شین وارن کے خلا کو پر کرپائے گی لیکن وہ چاہتے تھے کہ میں ہمیشہ خوش رہوں اور میں یہی کروں گا ہمیشہ خوش رہنے کی کوشش کروں گا۔
لیجنڈ کرکٹر کی بڑی بیٹی بروک کا کہنا تھا کہ وہ کنگ آف اسپن کے ساتھ گزارے گئے ہر خوبصورت اور ہنسی مذاق کے لمحے کو یاد رکھیں گی، ان میں اور ان کے والد میں کافی چیزین مشترک تھیں جس بنا پر وہ ان سے کہا کرتی تھیں کہ انہیں شین کے جینز مل گئے ہیں۔
سابق کرکٹر کی بیٹی نے مزید لکھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ہمیشہ شین کو والد کہیں گی اور ہمیشہ یاد کریں گی۔
شین وارن کی چھوٹی بیٹی سمر وارن نے لکھا کہ آپ کا انتقال نہیں ہوا بلکہ آپ ایک دوسری جگہ چلے گئے ہیں اور وہ ہمارے دل ہیں۔
یاد رہے کہ شین وارن تھائی لینڈ کے علاقےکو ساموی میں ایک وِلا میں مردہ حالت میں پائےگئے تھے، ان کے ترجمان کا کہناتھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔