11 اپریل ، 2022
لاہور کی اسپیشل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ان کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
امجد پرویز نے عدالت میں کہا کہ دیکھنا ہے کہ ایف آئی اے کے ثبوتوں پر فرد جرم عائد ہوسکتی ہے یا نہیں۔
شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل وزیراعظم کے امیدوار ہیں آج انتخاب ہے اس لیے وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
اس موقع پر امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ وہ عمرے پر جارہے ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں فرد جرم کی کارروائی نہ کی جائے، لہٰذا کیس میں لمبی تاریخ دی جائے جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ عدالت میں درخواست لکھ کر دیں۔
عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کو لمبی تاریخ دینے پر کوئی اعتراض ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو کوئی اعتراض نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔