18 اپریل ، 2022
لاہور کی عدالت نے میجرحارث کو تشدد کا نشانہ بنانے کے کیس میں نامز د ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کردیا۔
لاہور کی مقامی عدالت میں میجر حارث پر تشدد کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر ظہیر الدین بابر نے کہا کہ ملزمان سے آلہ ضرب برآمد کرانا ہے لہٰذا ان کا 10 روز کا ریمانڈ دیا جائے۔
میجر حارث کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ملزمان کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ تصور اقبال خان نے ملزمان کو دوبارہ 22 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔