26 اپریل ، 2022
دادو کی رہائشی پسند کی شادی کرنے والی لڑکی مبینہ طور پر لاپتا ہوگئی۔
سندھ ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنے والی دادو کی لڑکی کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں لڑکی کے وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ پسند کی شادی کرنے والی لڑکی لاپتا ہوگئی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میہڑ سے تعلق رکھنے والی لڑکی نصرت کھوسو نے عبدالخالق سے شادی کی تھی اور لڑکی نے سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوکربیان دیا تھا اسے اغوا نہیں کیاگیا لہٰذا خدشہ ہے لڑکی کو کاری قرار دے کر قتل کردیا جائے گا۔
لڑکی کی گمشدگی پر عدالت نے سندھ پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کو تلاش کرکے عدالت میں پیش کریں ورنہ آئی جی سندھ کو طلب کریں گے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے حکم دیا کہ ایس ایس پی دادو لڑکی کو خود تلاش کرکے پیش کریں۔