17 مئی ، 2022
کراچی کے علاقے کھارادر بم دھماکے کی تحقیقات میں ابتدائی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے دھماکے میں مبینہ طور پر استعمال موٹر سائیکل کا پتہ لگا لیا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کا سراغ تباہ شدہ چیسسز کے حصے جوڑ کر لگایا گیا جبکہ موٹرسائیکل نمبر کے اے ای 9658 میں مبینہ طور پر بم نصب کیا گیا تھا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل شیخ پرویز رحمان نامی شخص کے نام رجسٹرڈ ہے، مالک کی تلاش میں گلستان جوہر میں چھاپہ مارا گیا جس میں معلوم ہوا کہ مالک پرویز 6 ماہ پہلے انتقال کرچکا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز رحمان کے انتقال کے بعد موٹرسائیکل ملازم صابر کو دے دی گئی تھی تاہم صابر کی گرفتاری کیلئے قریبی گوٹھ میں چھاپہ بھی مارا گیا، چھاپے سے قبل ہی وہ فرار ہوگیا اور موبائل فون نمبر بھی بند ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 16 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا کھارادر پولیس اسٹیشن کی حدود میں میمن مسجد کے قریب اقبال کلاتھ مارکیٹ میں ہوا۔ دھماکے کے بعد کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی جس پر اب قابو پالیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں کھارادر تھانے کی پولیس موبائل تباہ ہوگئی، پولیس موبائل جیسے ہی موٹر سائیکل کے قریب آئی دھماکا ہوگیا۔