Time 06 جولائی ، 2022
انٹرٹینمنٹ

فلم ‘لفنگے’ کو سینسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر حیران ہوں: پروڈیوسر طارق حبیب رند

’لفنگے‘ کو سینسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر حیران ہیں، فلم کو ایسے روکا گیا ہے جیسے ہم نے کوئی ’اڈلٹ مووی‘ بنا دی ہے: پروڈیوسر — فوٹو: فائل
’لفنگے‘ کو سینسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر حیران ہیں، فلم کو ایسے روکا گیا ہے جیسے ہم نے کوئی ’اڈلٹ مووی‘ بنا دی ہے: پروڈیوسر — فوٹو: فائل

پاکستانی فلم پروڈیوسر طارق حبیب رند نے کہا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم ‘لفنگے’ کو سینسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر حیران ہیں، فلم کو ایسے روکا گیا ہے جیسے انہوں نے کوئی ‘اڈلٹ مووی’ بنا دی ہے۔

جیو ڈیجیٹل کے رابطہ کرنے پر فلم کے پروڈیوسر طارق حبیب رند کا کہنا تھا کہ سینسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر حیران ہیں، ‘لفنگے’ ایک فیملی کامیڈی فلم ہے، ذو معنیٰ الفاظ کا حوالہ دے کر فلم کو ایسے روکا گیا ہے جیسے ہم نے کوئی ‘اڈلٹ مووی’ بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ان کی پاکستانی فلم ‘لفنگے’ کو وفاقی سینسر بورڈ نے سینسر سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کردیا تھا البتہ اس فیصلے پر ہم نے سینسر بورڈ سے فل بورڈ ریویو کی درخواست کردی ہے۔

طارق حبیب نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات سے اس لیے واپس آئے تھے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں کچھ نیا مواد لا سکیں، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے‘لفنگے’ بنانے کا ارادہ کیا لیکن سینسر بورڈ کے فیصلے کے بعد وہ یہاں واپس آنا اپنی غلطی سمجھتے ہیں۔

فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلم ‘لفنگے’ کی کہانی دوستوں کی کہانی ہے، فلم میں ریاست کے خلاف بات کی گئی ہے اور نہ ہی کسی شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم بناتے وقت ہم نے کوئی ٹارگٹ آڈیئنس بھی نہیں رکھی تھی کیونکہ اس فلم میں ایسا کچھ نہیں تھا، اگر فلم رکتی ہے تو یہ نئے آنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ پر فارورڈ میسجز گردش کر رہے ہیں جو انہیں بھی موصول ہوئے ہیں، ان میں لکھا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز کو روکنے کے لیے سینسر بورڈ کو ای میل کریں، اس سے محسوس ہوتا ہے کہ فلم ‘لفنگے’ کو روکنے کے لیے کوئی گروپ بھی سرگرم ہے۔

دوسری جانب سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر کے چیئرمین ارشد منیر کا کہنا ہے کہ ذومعنیٰ الفاظ کے استعمال اور نامناسب ڈائیلاگز کی وجہ سے فلم ‘لفنگے’ کا سنیما گھروں تک پہنچنا مشکل ہے۔

عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘لفنگے’ کو وفاقی سینسر بورڈ نے سینسر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کردیا تھاالبتہ فلم ریلیز ہوگی یا نہیں یہ فیصلہ فل بورڈ ریویو کے بعد ہو سکے گا۔

مزید خبریں :