Time 21 جولائی ، 2022
پاکستان

پیسےکی سیاست مستردکرتے ہیں، حمزہ کو وزیراعلیٰ منتخب کرانےکی کوشش کرینگے، زرداری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کا کہنا ہےکہ پیسےکی سیاست کو  یکسر مسترد کرتے ہیں، حمزہ کو وزیر اعلیٰ منتخب کرانے کی بھرپورکوشش کریں گے۔

لاہور میں پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ نامزد کرانے پر نواز، شہباز اور مریم کو راضی کیا تھا، چوہدری شجاعت کےکہنے ان لوگوں کو آمادہ کیا لیکن پرویز الہٰی مجھ سے کمٹمنٹ کرکے عمران خان سے جا ملے۔

 آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، پیسے کی سیاست کو  یکسر مسترد کرتے ہیں، حمزہ کو وزیراعلیٰ منتخب کرانےکی بھرپور کوشش کریں گے، حسن مرتضیٰ وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوتے تو پیسا لگاتے ، حمزہ پر کیوں لگائیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے لیے ہر قربانی دوں گا، جس سے کمٹمنٹ ہے اس سے مکمل نبھاؤں گا، چوہدری شجاعت سے بھی اسی لیے ملاقات کر رہاہوں۔

صدر  پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ لاہور میں کئی سالوں سے رہ  رہا ہوں، اعتراض بلاوجہ ہے، وسطی لاہور میں نیا گھربنا رہا ہوں تاکہ کارکنوں سے رابطہ مزید بہتر ہو، پنجاب میں ہمارے 7 ہزار کارکنوں نےکوڑےکھائے، انھیں قربانیوں کابدلہ دیں گے، پنجاب ہمارا تھا اسے واپس لیں گے۔

مزید خبریں :