بچپن کے دوست کیسے آپ کو زندگی میں کامیاب بناسکتے ہیں؟

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر بچپن میں اگر آپ امیر بچوں کو اپنا دوست بناتے ہیں تو یہ جوانی میں بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ ہارورڈ یونیورسٹی، اسٹینفورڈ یونیورسٹی اور نیویارک یونیورسٹی کی ایک مشترکہ تحقیق میں سامنے آیا۔

فیس بک کے 7 کروڑ 20 لاکھ صارفین پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو غریب بچے امیر بچوں کے ساتھ پرورش پاتے ہیں، ان کا بعد کی زندگی میں زیادہ تنخواہ حاصل کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ دریافت کیا گیا کہ اگر کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کے 70 فیصد دوست دولت مند گھرانوں سے تعلق رکھتے ہوں، تو بالغ ہونے کے بعد ان کی آمدنی میں اوسطاً 20 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔

مگر تحقیق کے مطابق ایک بری خبر یہ ہے کہ امیر بچوں کی جانب سے ایسے دوست بنانے کا رجحان کم ہوتا ہے جو مالی لحاظ سے ان سے کمتر ہوں۔

محققین نے بتایا کہ بچے زیادہ تر ایسے دوست بنانا پسند کرتے ہیں جو ان کے طبقے سے ہی تعلق رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان کم ہوتا ہے کہ کم آمدنی والے گھرانے سے تعلق رکھنے والے بچے امیر دوست بناسکیں۔

ویسے تو ماہرین پہلے بھی یہ خیال پیش کرچکے ہیں کہ سماجی تعلقات آمدنی کے حصول پر اثرانداز ہوتے ہیں مگر اس کی تصدیق کرنا بہت مشکل تھا۔

مگر سوشل میڈیا کے باعث سائنسدانوں کو اس خیال کی جانچ پڑتال کرنے کا موقع مل سکا۔

فیس بک ڈیٹا کو استعمال کرکے انہوں نے 21 ارب آن لائن فرینڈ شپ کا تجزیہ کیا۔

تمام تر عوامل کو مدنظر رکھنے پر دریافت ہوا کہ امیر دوست بنانے سے ایک بچے کو معلومات اور ملازمت کے مواقعوں تک زیادہ بہتر رسائی ملتی ہے۔

محققین کے مطابق نتائج کی تصدیق کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اس تحقیق کے نتائج جریدے نیچر میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :