12 اگست ، 2022
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں پی ٹی آئی کے کراچی میں کھلوائے گئے تین بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرلیں۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق یہ اکاؤنٹس نجی بینک کی زمزمہ برانچ میں سال 2005 میں کھلوائے گئےتھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایس 113 پی ٹی آئی کے نام سےکھولے گئے اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 94 لاکھ 71ہزار 630 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں جب کہ مذکورہ بینک اکاؤنٹ کو سال2011 سے جولائی 2012 تک استعمال کیاگیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ویمن ونگ کے اکاؤنٹ میں 10 لاکھ 77 ہزار 850 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں جب کہ اکاؤنٹ دسمبر 2011 کے بعد فروری 2016 میں دوبارہ فعال کیا گیا، دسمبر 2011 تک جمع کروائی گئی رقم فروری 2016 میں نکالی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کےنام سےکھلوائے گئے تیسرے اکاؤنٹ میں 87 لاکھ 273 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں، سال 2011 میں کھلوایا گیا یہ اکاؤنٹ بھی 2016 میں غیرفعال کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے نے رقم جمع کروانے والے افراد کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔