15 اگست ، 2022
طیارے میں فنی خرابی کے باعث بھارتی فضائی حدود سے گزرنے کے وقت میں تبدیلی کی وجہ سے اسلام آباد سے کولالمپور کی پی آئی اے کی پرواز کی روانگی رات 12 بجے متوقع ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 نے مقررہ وقت دوپہر ایک بجکر 36 منٹ پر روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی وجوہات کی بنا پر پرواز مقررہ وقت پر روانہ نہ ہوسکی۔
تکنیکی خرابی دور ہوئی تو پرواز کے بھارت کی فضائی حدود سے گزرنے کا وقت ختم ہو چکا تھا۔ بھارتی فضائی حدود سے گزرنے کا وقت تبدیل ہونے کی وجہ سے نیا اجازت نامہ جاری ہونے تک پرواز مزید تاخیر کا شکار ہے۔
بھارت سے نئے اجازت نامہ کیلئے پی آئی اے حکام نے اپلائی کردیا ہے۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ پرواز ممکنہ طور پر رات 12 بجے کوالالمپور کیلئے روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ پرواز لاہور کے قریب سے بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہوکر نیو دہلی اور کولکتہ سے ہوتے ہوئے ملائیشیا کی فضائی حدود میں داخل ہوتی ہے۔