05 ستمبر ، 2022
کراچی میں ناردرن بائی پاس پر افغان خیمہ بستی کے قریب کمسن بچے کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق پانچ سالہ مقتول کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی ہے جو افغان مہاجر کیمپ کا رہائشی تھا۔
پولیس کے مطابق بچہ گزشتہ روز شام کے وقت کھیلنےکے لیےگھر سے نکلا تھا جو رات گئے تک واپس نہیں آیا، والدین اپنی مدد آپ کے تحت بچےکو تلاش کرتے رہے، بعد ازاں بچے کی لاش ملی تو پولیس کو آگاہ کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے واقعےکا نوٹس لیا گیا اور ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم بنا دی گئی ہے۔
متعلقہ تھانے کے پولیس افسران عباسی شہید اسپتال میں ضابطے کی کارروائی کے لیے پہنچ گئے، پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد مزید صورت حال واضح ہوسکے گی۔