ایپل کی جانب سے اس سال آئی فونز کے ساتھ کیا کچھ متعارف کرایا جائے گا؟

ایونٹ میں آئی فون 14 سیریز پیش کی جائے گی / فوٹو بشکریہ سی نیٹ
ایونٹ میں آئی فون 14 سیریز پیش کی جائے گی / فوٹو بشکریہ سی نیٹ

ایپل کا ایونٹ 'فار آؤٹ' 7 ستمبر کو ہورہا ہے جس میں نئے آئی فونز، ایپل واچ اور ائیر پوڈ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے باعث اس سال بھی یہ ایونٹ آن لائن ہوگا۔

مگر اس سال نئے آئی فونز، ایپل واچ اور آئی پوڈز میں کیا کچھ خاص ہوگا؟

آئی فون 14 میکس (یا 14 پلس) متعارف کرایا جائے گا

ایسی متعدد افواہیں اور رپورٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق اس سال آئی فون 14 سیریز کے 4 ماڈل متعارف کرائے جائیں گے۔

یہ سیریز آئی فون 14، آئی فون 14 میکس (یا 14 پلس)، آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس پر مشتمل ہوگی۔

اس سال منی آئی فون کو بڑی اسکرین والے فون سے بدل دیا جائے گا۔

آئی فون 14 میں اے 16 بائیونک پراسیسر موجود نہیں ہوگا

رپورٹس کے مطابق آئی فون 14 پرو ماڈلز میں ہی نیا اے 16 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ آئی فون 14 اور 14 میکس میں گزشتہ سال کے اے 15 بائیونک پراسیسر دیے جانے کا امکان ہے۔

نوچ کی جگہ کٹ آؤٹ

آئی فون 14 اور 14 میکس میں تو فرنٹ کیمرا نوچ میں ہی چھپا ہوا ہوسکتا ہے مگر پرو ماڈلز کا ڈیزائن اس سال مختلف ہوگا۔

2017 کے بعد پہلی بار آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں سیلفی کیمرے کے لیے اینڈرائیڈ فونز جیسا کٹ آؤٹ اسٹائل استعمال کیا جائے گا۔

آئی فون 14 پرو ماڈلز میں نئے کیمرے

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس سال آئی فون 14 سیریز میں سیلفی کیمرا گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا۔

اسی طرح آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں بیک پر 12 کی بجائے 48 میگا پکسل کیمرا دیا جائے گا۔

ایسی افواہیں بھی ہیں کہ پرو ماڈلز میں زیادہ بہتر ٹیلی فوٹو کیمرا بھی دیا جاسکتا ہے جس کا زوم لینس بہت زیادہ اچھا ہوگا۔

ایونٹ کی ٹیگ لائن فار آؤٹ سے بھی اس کا عندیہ ملتا ہے۔

سیٹلائیٹ کنکٹویٹی

اس سال آئی فون 14 سیریز کے تمام فونز یا پرو ماڈلز میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کا فیچر دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

یہ فیچر ایسے علاقوں میں کام کرسکے گا جہاں وائی فائی یا سیلولر سگنل موجود نہیں ہوں گے اور اس کی مدد سے ہنگامی حالات میں ٹیکسٹ میسج بھیجنا ممکن ہوگا۔

ایپل واچ 8 سیریز کے 3 ماڈلز

آئی فون 14 کی طرح ایپل واچ 8 سیریز بھی اس ایونٹ میں متعارف کرائی جائے گی۔

یہ سیریز ایپل واچ 8، 8 واچ پرو اور واچ 8 ایس ای پر مشتمل ہوگی۔

ایپل واچ 8 پرو ایک نیا ماڈل ہے جس میں زیادہ بڑی بیٹری، جی پی ایس، پائیدار ڈیزائن اور 2 انچ کی اسکرین جیسے فیچرز ہوں گے۔

ائیر پوڈ پرو 2

ائیر پوڈز کو 2016 میں آئی فون 7 کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا اور گزشتہ برسوں میں ائیرپوڈز پرو، پرو میکس جیسے ماڈل پیش کیے گئے۔

اس سال امکان ہے کہ کمپنی کی جانب سے ائیرپوڈز پرو کو اپ ڈیٹ کرکے ائیرپوڈز پرو 2 کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :