01 نومبر ، 2022
کراچی: مچھرکالونی واقعہ پر احتجاج میں ریاست مخالف نعرے بازی پر مقدمہ درج کرلیاگیا۔
کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں موبائل فون کمپنی کے 2 ملازمین کے بہیمانہ قتل کے واقعے کے خلاف احتجاج کی آڑ میں ریاست مخالف نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مچھرکالونی واقعے پر کراچی پریس کلب کے باہر گزشتہ روز احتجاج کیا گیا تھا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے دوران درجن سے زائد افراد نے ریاست مخالف نعرے بازی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے 200 کے قریب مظاہرین کو شرپسندی کیلئے اکسانے کی کوشش کی، ملزمان نے مظاہرین کو اکسا کر بلوہ کروانے کی کوشش کی۔
سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں ملزمان انعام عباسی، الٰہی بخش بکک، سارنگ جویو، اعجاز سامیٹو، آزاد جتوئی، نظام نورانی، مجید لونڈ اور رشید کھوسو اور دیگر نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔