01 نومبر ، 2022
ابھی گزشتہ دنوں پاکستان میں جزوی سورج گرہن کا نظارہ دیکھنے میں آیا تھا اور 8 نومبر کو چاند کو گرہن لگنے والا ہے۔
شمالی اور مشرقی یورپ، ایشیا، شمالی امریکا، جنوبی امریکا کے بیشتر حصول اور انٹار کٹیکا میں چاند گرہن کا نظارہ ممکن ہوگا۔
یہ رواں سال کے دوران دوسرا مکمل چاند گرہن ہوگا مگر پاکستان کے کچھ حصوں میں جزوی چاند گرہن کو ہی دیکھنا ممکن ہوگا۔
جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔
سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہےاور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق 8 نومبر کو دوپہر ایک بج کر 2 منٹ پر چاند گرہن کا آغاز ہوگا اور مکمل چاند گرہن 4 بجے کے قریب ہوگا، جس وجہ سے اس کا مشاہدہ پاکستان میں ممکن نہیں ہوگا۔
البتہ شام 5 بج کر 49 منٹ پر ملک کے مختلف حصوں میں جزوی چاند گرہن کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
اگلی بار مکمل چاند گرہن کے نظارے کے لیے مارچ 2025 تک انتظار کرنا ہوگا۔
سورج گرہن کے برعکس چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے خصوصی گلاسز کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اسے براہ راست دیکھ سکتے ہیں، البتہ دوربین سے یہ نظارہ زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
اس چاند گرہن کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے موقع پر پہلی بار ایسا ہورہا ہے اور آئندہ 372 سال تک ایسا نہیں ہوسکے گا۔