09 دسمبر ، 2022
ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالے جاتے ہیں لیکن اگر ہم آپ کو بتائیں کہ اب اے ٹی ایم مشین میں کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ ڈالنے پر پیسوں کے بجائے سونے کے سکے ملیں گے تو کیا آپ اس بات پر یقین کریں گے؟
آپ کو اس بات پر یقین کرنا پڑے گا کیونکہ بھارتی شہر حیدرآباد میں ملک کی پہلی ایسی اے ٹی ایم مشین سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں سے شہری سونے کے سکے نکال سکیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عام اے ٹی ایم میشن کی طرح دکھنے والی اس مشین کا نام گولڈ سِکا اے ٹی ایم ہے جس میں پانچ کلو گرام سونا رکھنے کی گنجائش ہے ۔
اس مشین میں شہریوں کے لیے 0.5 گرام سے 100 گرام تک 8 مختلف کیٹیگریز موجود ہیں جن میں سے کسی کا بھی انتخاب کرکے وہ کریڈٹ کارڈ میں پیسوں کے بدلے سونا نکال سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 3 دسمبرسے یہ منصوبہ حیدرآباد میں قائم ایک اسٹارٹ کپمنی نے شروع کیا۔
یہ منصوبہ شروع کرنے والی کمپنی کے صدر نے بتایا ہے کہ شہری اس اے ٹی ایم مشین کا استعمال کرتے ہوئے جیولرز کی دکانوں پر جانے کے بجائے یہاں سے براہ راست سونے کے سکے حاصل کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اے ٹی ایم مشین کی سکیورٹی کے لیے اس میں ایک بلٹ ان کیمرا اور ساؤنڈ الارم سسٹم موجود ہے۔
اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ اگر صارف کے کارڈ سے پیسے کٹ جائیں اور میشن سے سکے نہ نکلے تو صارف کو 24 گھنٹے کے اندر رقم واپس مل جائے گی۔