28 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا کہنا ہے کہ جب وکٹ پر کچھ نہ ہو تو بولرز کو یہ ہی مشورہ دیتا ہوں کہ اپنے گیم پر کنٹرول کریں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے کہا کہ وکٹ پلیئر کے ہاتھ میں نہیں،اس کے ہاتھ میں اس کا رویہ اور گیم ہے، بولرز کو یہی مشورہ ہے کہ اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کر کے کچھ حاصل کریں۔
شان ٹیٹ نے کہا کہ ہمیشہ فاسٹ بولرز ہی وکٹ نہیں لیتے، اسپنرز کا بھی کام ہوتا ہے، ہمارا اسپن اٹیک بھی کافی اچھا ہے، وکٹیں ایسی بنائی گئیں کہ اسپنرز کو مدد ملے، بعض اوقات فاسٹ بولرز رنز روکتے اور دوسرے اینڈ سے اسپنرز کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وکٹ پر کچھ نہ ہو ایسے میں نئے بولر کیلئے چیلنج ہوجاتا ہے، میرے خیال میں میر حمزہ نے یہاں بہت اچھی بولنگ کی ہے، بدقسمتی سے نتائج نہیں مل رہے کیوں کہ وکٹ ایسی ہی ہے۔
شان ٹیٹ نے کہا کہ میری نظر میں پاکستان کا پیس اٹیک بہترین اٹیکس میں سے ایک ہے، ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں پاکستانی بولرز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے پلیئرز بھی بہت باصلاحیت ہیں، میر حمزہ اور محمد علی ڈومیسٹک میں پرفارم کر کے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی کرکٹ ہو رہی ہے اس میں روٹیشن پالیسی کافی ضروری ہوگئی ہے، فاسٹ بولرز کا ورک لوڈ مینج کرنا ہوگا۔
شان ٹیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ نے پاکستان کرکٹ کو بہت مدد دی ہے، اگر پی ایس ایل نہ ہوتی تو شاہد دھانی اور وسیم جونیئر جیسا ٹیلنٹ نہ ملتا۔