28 دسمبر ، 2022
نیوزی لینڈ کے کرکٹر ڈیون کونوے کا کہنا ہے کہ مایوسی ہوئی کہ کراچی ٹیسٹ میں لیتھم اور ولیمسن کی طرح سنچری اسکور نہ کر سکا۔
کراچی میں جاری پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ میں کیویز نے پاکستان کے 438 رنز کے جواب میں 440 رنز بنالیے ہیں، ٹام لیتھم 113، ڈیون کونوے 92 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کین ولیمسن 105 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیون کونوے نے کہا کہ مایوسی ہوئی کہ لیتھم اور ولیمسن کی طرح سنچری اسکور نہ کر سکا لیکن ٹیم کی پوزیشن اچھی ہے تو مجموعی طور پر اتنا برا نہیں لگ رہا۔
ڈیون کونوے نے کہا کہ میرا خیال ہے ہم سو، ڈیڑھ سو کی لیڈ حاصل کریں تو اچھا ہوگا،کوشش کریں گے کہ کل زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں۔
کیوی بیٹر کا کہنا تھا کہ اس وکٹ پر چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرنا چیلنج ہوگا، وکٹ بگڑ رہی ہے، کریکس پڑ چکے ہیں، اسپن مل رہا ہے،کوشش کریں گے کہ جتنی بڑی لیڈ ہوسکے حاصل کریں کیوں کہ آگے چیلنجنگ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے لیے ریکارڈز بنانا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، کیویز کی جانب سے تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے پر فخر ہے۔
کونوے نے کہا کہ میچ سے قبل مقامی اسپنرز کے خلاف یہاں کی کنڈیشن پر پریکٹس نے مدد دی، کوشش رہی کہ اپنے پلان پر قائم رہیں،انگلینڈ جس طرح کی کرکٹ کھیل رہا، وہ ہر کسی کے بس کی بات نہیں، انگلینڈ کے پاس کافی جارح مزاج بیٹرز موجودد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم مثبت کرکٹ کھیلیں،انگلینڈ کا ٹیسٹ اسٹائل سب کیلئے نیا ہے، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز بنالیے اور اسے پہلی اننگز میں پاکستان پر 2رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
کھیل ختم ہوا تو کین ولیمسن 105 اور اش سودی ایک رن کے ساتھ کریزپر موجود تھے۔