08 جنوری ، 2023
کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر شاپ پر موجود شہریوں سے10 موبائل فون اور 9 ہزار روپے لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق واردات اورنگی ٹاؤن قذافی چوک پر ہیئرڈریسر شاپ میں ہوئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 کم عمر مسلح ملزمان دکان میں داخل ہوکر وہاں بال کٹوانے میں مصروف شہریوں کو یرغمال بنا لیتے ہیں۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں مسلح ڈکیتوں کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے،واردات میں ملوث ملزمان کا ایک ساتھی ہیئرڈریسر کی دکان کے باہر اسلحہ تانے کھڑا نظر آرہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مسلح شخص نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیا نکالی، ساتھ ہی دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگرافرادکی جیبوں سے بھی قیمتی اشیا نکالی، ڈکیت شہریوں سے 10 موبائل فون اور 90ہزار سے زائد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔