25 فروری ، 2023
ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) سیزن 8 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت اپنے نام کی۔
اسلام آباد کی جیت میں اہم کردار نبھانے والے اعظم خان گزشتہ روز سے ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہے ہیں۔
اب کپتان شاداب خان نے بھی اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے جیت کا سہرا چند کھلاڑیوں کے نام کیا، انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شاداب خان نے اپنی اور اعظم خان کی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں اعظم خان کو سلیوٹ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اعظم خان فلائنگ کس کررہے ہیں۔
تصویر پر کپتان نے لکھا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خود کو جانچنا چاہتا تھا، بولرز نے بہت اچھا دفاع کیا۔
شاداب خان نے ٹیم کے کھلاڑیوں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ آصف بھائی نے دوبارہ اپنی بہترین کلاس دکھائی ہے، رانا فہیم اشرف نے اپنے بلے کے ساتھ کھیل کا اختتام بہترین انداز میں کیا، ابرار اپنی بال کے ساتھ کمال کے رہے۔
انہوں نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آخر میں جیت کی یہ شام کرکٹر اعظم خان کے نام جاتی ہے جن کا اپنا ہی خاص ٹیلنٹ ہے۔
واضح رہے اعظم خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔