05 اپریل ، 2023
لاہور ہائی کورٹ نے زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ اور پیٹرول بم پھیکنےکے الزام کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست میں جے آئی ٹی کو کام سے فوری روکنےکی استدعا مسترد کردی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی درخواست پر سماعت کی۔
مسرت جمشید چیمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل غیر قانونی ہے، جے آئی حکومت نے نہیں بنائی جب کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے حکومت ہی حکم جاری کر سکتی ہے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی جس میں تمام محکموں کے لوگ ہیں۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا کہا تو فواد چوہدری نے استدعا کی کہ عدالت جے آئی ٹی کو کام سے روک دے، عدالت نے باور کرایا کہ عدالت ابھی سرکاری وکیل سے صرف رپورٹ مانگ رہی ہے، حکم امتناع نہیں دے رہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایک دن میں عمران خان پر دہشت گردی کے 15 کیس کر دیے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ ابھی عدالت کے سامنے یہ سوال بھی ہےکہ اگر پولیس نہیں تو تفتیش کون کرےگا۔
جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ عدالت نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے کابینہ سے منظوری ہوئی یا نہیں۔
کیس کی آئندہ سماعت پیر کو ہوگی۔