Time 10 اپریل ، 2023
پاکستان

جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اٹارنی جنرل منصور اعوان چیف جسٹس پاکستان کے چیمبر میں پیش ہوئے اور درخواست واپس لینے سے متعلق وفاقی حکومت کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ فوٹو فائل
اٹارنی جنرل منصور اعوان چیف جسٹس پاکستان کے چیمبر میں پیش ہوئے اور درخواست واپس لینے سے متعلق وفاقی حکومت کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیو ریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے چیمبر میں ہوئی۔ ایف بی آر اور  وفاقی حکومت کے توسط سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

اٹارنی جنرل منصور اعوان چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے چیمبر میں پیش ہوئے اور درخواست واپس لینے سے متعلق وفاقی حکومت کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کیوریٹیو ریویو پر تحریری فیصلہ جاری ہوگا، صرف سماعت ہوئی ہے، یہی سمجھیں کہ فیصلہ محفوظ ہو گیا۔

صحافی کی جانب سے اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ کیا چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ریفرنس داخل کیا جاسکتا ہے، جس پر اٹارنی جنرل منصور اعوان نے جواب دیا کہ نو کمنٹس۔

ان کا کہنا تھا چیف جسٹس عمر عطا بندیال نےکیوریٹیو ریویو واپس لینے سے متعلق فیصلہ نہیں سنایا، پاکستان کے آئین و قانون میں دوسری نظرثانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، کیوریٹیو ریویو بھارتی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے سے بھارتی قانون کا حصہ بنا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے چند روز قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو کیس واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر چیف جسٹس پاکستان نے 3 رکنی بینچ تشکیل دینے ہوئے ان چیمبر سماعت کے لیے مقرر کر دیا تھا۔

مزید خبریں :