20 اپریل ، 2023
راولپنڈی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو باضابطہ طور پر ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم تعینات کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مکی آرتھر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور دورہ آسٹریلیا میں بھی کوچنگ اسٹاف میں شامل رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق مکی آرتھر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے بھی قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہوں گے، مکی آرتھر ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچز میں بھی پاکستانی ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کیا وہ نبھایا، مکی آرتھر آگئے ہیں، مورنے مورکل آئی پی ایل کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو بطور بولنگ کوچ جوائن کریں گے۔
مورنے مورکل نے اپنے کیرئیر کے دوران جنوبی افریقا کی جانب سے کھیلتے ہوئے 80 ٹیسٹ میچز میں 309، 117 ایک روزہ میچز میں 188 اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 47 وکٹیں حاصل کیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا پاکستان خون میں شامل ہے اور یہ درست بات ہے، پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ میرے احساسات جڑے ہوئے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کے کھیل کو جانتا ہوں، کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات کو اچھا رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا غیر ملکی کوچز کا ماحول بہت پروفیشنل ہوتا ہے، ٹاپ ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کے لیے ٹاپ کوچز کو منتخب کرنا ہو گا، سفارش کی وجہ سے پروفیشنلزم متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کا معیار بہتر نہیں ہے، انٹرنیشنل سطح پر کوچ کا کام دماغی طور پر مضبوط کرنا ہوتا ہے۔