20 اپریل ، 2023
ریاض: سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
عرب میڈیاکے مطابق سعودی عرب کے وسطی علاقے تمیر اور حوطہ سدیر میں چاند نظر آگیا ہے۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں بھی عید جمعہ 21 اپریل کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب عمان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں عید الفطر ہفتہ 22 اپریل کو ہوگی۔
قطر میں بھی ماہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے، قطر میں جمعہ 21 اپریل کو عید الفطر منائی جائے گی۔
علاوہ ازیں پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں عیدالفطر ہفتے کے روز منائی جائے گی۔
ملائیشیا میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور ملائیشین حکومت کے مطابق ملائیشیا میں عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہوگی۔
اس کے علاوہ سنگاپور میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مجلس علماء اسلام سنگاپور کے مطابق سنگاپور میں عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہوگی۔
برطانیہ میں ایک بار پھر دو عیدیں ہوں گی، سعودی عرب کی تقلید کرنے والی مساجد میں نماز عید جمعہ کو ادا کی جائے گی جبکہ جماعت اہلسنت کی مساجد چاند کی رویت کے بعد فیصلہ کریں گی۔