Time 05 جولائی ، 2023
دنیا

بی جے پی رہنما کا دلت شخص پر پیشاب کا واقعہ، مودی کے مذہبی رواداری کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی

مودی کے دعوے ایک طرف لیکن مودی کا بھارت دوسری طرف، ایک انسان کے دوسرے انسان پر پیشاب کرنے کے واقعے نے مذہبی رواداری کے مودی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کی حکمران جماعت بی جے پی کے مقامی رہنما پرویش شکلا نے فٹ پاتھ پر بیٹھے مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے شخص پر پیشاب کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ایک انسان کی جانب سے دوسرے انسان پر پیشاب کرنے کے واقعے سے انسانیت لرز گئی، مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ اس واقعے نے پورے مدھیہ پردیش کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا جبکہ کانگریس ترجمان عباس حفیظ بولے کہ پرویش شکلا بی جے پی کا رکن ہے۔

پرویش شکلا کے والد رما کانت نے کہا اس کے بیٹے کو بی جے پی کا رکن ہونے کی وجہ سے سیاسی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی پولیس نے انسانیت سوز حرکت کرنے والے بی جے پی کے رکن کو حراست میں تو لے لیا ہے تاہم پرویش شکلا کی گرفتاری کے وقت بھی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس ملزم کے ساتھ وی آئی پی شخص جیسا برتاؤ کر رہی ہے۔

ایک بھارتی صارف نے سوشل میڈیا پر پرویش شکلا کی گرفتاری کے وقت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ایسا لگ رہے کہ پرویش شکلا پولیس کو گرفتار کر کے لے جا رہا ہے۔


مزید خبریں :